راہ نور ناول نہیں ہے بلکہ ایک جیتی جاگتی زندگی ہے جسے ہر پڑھنے والا جیتا ہے اور اس کے اختتام پر نئی امیدیں ، بلند حوصلے لیکر واپس اپنی زندگی میں آتا ہے ۔ سمیرا حمید ایک بہترین لکھاری ہیں ۔ ایسا قلم شاید ہی کسی کسی کو نصیب ہوتا ہے ۔ احساس کو الفاظ کے چناؤ کے ساتھ احساس کے قالب میں ڈھالنے کا فن سمیرا کو خوب آتا ہے ۔
راہ نور مایوس لوگوں کی کہانی ہے جو زندگی سے بیزار ہیں ، یہ مایوس لوگ زندگی کے نور کو موت کی پھونک سے بجھانا چاہتے ہیں ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھ زندگی نے جو کیا ہے وہ دنیا میں کسی کے ساتھ نہیں کیا ، اتنی اذیتیں زندگی نے دی ہے کہ اب موت میں ہی انہیں اپنا حل دکھائی دیتا ہے ۔ اسی لئے وہ چاہتے ہیں کہ وہ اس دنیا کو جو وحشی درندوں ، احساس سے عاری لوگوں سے بھری ہے چھوڑ دیں اور یوں اپنے ذہنی سکون کا سامان کریں ۔
کہانی بہت انوکھے انداز میں شروع ہوتی ہے اور بھیانک انداز پر ختم ہوتی ہے ، کہانی کے اختتام پر قاری مسکراتا رہ جاتا ہے اور خوش ہوتا ہے ان تین خوش نصیبوں کیلئے جو کہانی کے مین ہیرو ہیں
ہادی ، طلال اور ابراہیم
یہ جو موت کی تلاش میں نکلے تھے انہیں پھر سے زندگی نصیب ہوتی ہے ۔ کہانی کیا ہے اگر لکھ دوں تو یہ آپ کے ساتھ صحیح نہیں ہوگا ۔ اسی لئے میں چاہتی ہوں کہ آپ ضرور ایک مرتبہ اس کہانی کو پڑھیں اور ایک خوبصورت زندگی کو جیئں ۔ کہانی کو ایسے انداز میں پرویا گیا ہے کہ دوران مطالعہ قاری کبھی ہنستا ہے، کبھی مسکراتا ہے ، کبھی روتا ہے اور کبھی آہیں بھر کر رہ جاتا ہے اور سب سے بڑی اہم بات کہ خدا کی لامحدود نعمتوں کا احساس ہوتا ہے۔
یہی چند خصوصیات ہیں اس ناول کی کہ میں اسے بہت زیادہ پسند کرتی ہوں اور جب بھی اپنے حلقہ احباب میں کسی کو تحفہ دینا ہوتا ہے تو یہی کتاب تحفے میں دیتی ہوں ۔۔
آپ نے ابھی تک اس ناول کو نہیں پڑھا ہے تو پہلی فرصت میں پڑھیں یقین کریں ایک اچھا تجربہ ہوگا۔
نرگس حور
Reviews
There are no reviews yet.