اپنی زندگی سنواریئے
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
شخصیت سازی پر مختلف زبانوں میں بہت سی کتابیں پائی جاتی ہیں _ ان کتابوں میں خوش و خرم زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایا جاتا ہے اور مایوسی ، بے چینی اور ذہنی تناؤ وغیرہ سے چھٹکارا پانے کی تدابیر بتائی جاتی ہیں _ ان میں حال میں شائع ہونے والی شیخ محمد الغزالي (م 1996ء) کی کتاب ‘اپنی زندگی پھر سے سنوارئیے’ ایک قیمتی اضافہ ہے _
شیخ محمد الغزالي کا تعلق مصر سے تھا _ وہ اخوان المسلمون کے رہ نماؤں میں سے تھے ، لیکن بعد میں بعض اسباب سے اخوان سے ان کی علیٰحدگی ہوگئی تھی _ وہ زندگی کی آخری سانس تک اسلام کی خدمت میں لگے رہے اور ان کے قلم کی جولانیاں جاری رہیں _ ان کی تصنیفات اسلامی علوم کے تمام میدانوں کا احاطہ کرتی ہیں _ ان کی فکر معتدل اور اسلوب سہل ممتنع کا نمونہ ہے _ وہ بہت آسان اور شستہ زبان میں لکھتے ہیں ، جو قاری کے دل کو موہ لیتا ہے _ ان کی متعدد کتابوں کا اردو زبان میں ترجمہ ہوگیا ہے _ اردو حلقے میں ان کو متعارف کرانے کا سہرا مولانا ابو مسعود اظہر غوری ندوی کے سر جاتا ہے ، جنھوں نے ان کی بہت سی کتابوں کا ترجمہ کردیا ہے _
زیر نظر کتاب میں شخصیت سازی کے قیمتی اصول بیان کیے گئے ہیں _ ان ہدایات پر عمل کرکے زندگی کو خوش نما اور خوش گوار بنایا جاسکتا ہے اور اس کی کلفتوں ، کدورتوں ، الجھنوں اور پریشانیوں سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے _ زندگی شکر اور صبر کا نام ہے ، زندگی دوسروں کی خدمت کرنے اور انہیں آسانیاں فراہم کرنے کا نام ہے _ صرف اپنے لیے تو حیوانات جیتے ہیں _ فاضل مصنف نے بہت ہلکے پھلکے انداز میں اور واقعات اور مثالوں کے ذریعے تفہیم کی کوشش کی ہے _ مترجم نے بہت سلیس اور رواں زبان میں ترجمہ کیا ہے _ اللہ تعالیٰ مصنف اور مترجم دونوں کو اجر جزیل سے نوازے _ ناشر شکریے کے مستحق ہیں کہ انھوں نے اردو خواں حلقے کو اس سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کیا _
Reviews
There are no reviews yet.